پاکستانیوں کی محبت نا قابل فراموش ، کراچی میں بھی ٹرافی اٹھائیں گے

لاہور(نیوزایجنسیاں)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ ‘پاکستانی مجھ سے اور میں پاکستانیوں سے محبت کرتا ہوں’۔پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے تیسرے ایڈیشن سے قبل پاکستانیوں کے لیے محبت بھرا پیغام دیا ہے۔ویڈیو بیان میں ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستانی ان سے اور وہ پاکستانیوں سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں،
گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں زبردست جوش و خروش تھا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایڈیشن میں قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی، اب 25 مارچ کو کراچی میں بھی ٹرافی اٹھائیں گے اور گذشتہ برس سے زیادہ جشن منائیں گے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری سے دبئی میں ہوگا اور 2پلے آفز لاہور جب کہ فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

نمبرون عمر رسیدہ پلیئر بننا دیرینہ خواب تھا

ایمسٹرڈیم (اے پی پی) شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر نے کہا ہے کہ دنیا کا نمبر ایک عمررسیدہ ٹینس کھلاڑی بننا دیرینہ خواب تھا، میں اسے بڑی کامیابی سمجھتا ہوں، مستقبل میں بھی کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید اعزازات اپنے نام کروں، فیڈرر نے روٹرڈیم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں روبن ہاس کو شکست دی، سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی انہوں نے ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے دنیا کا نمبر ایک عمررسیدہ کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 36 برس کی عمر میں دنیا کا نمبر ایک کھلاڑی بننا میرے لئے باعث اعزاز ہے، یہ اتنا آسان نہیں جتنا لگتا ہے، بلاشبہ یہ میری بڑی کامیابی ہے اور اس سے میرا مورال مزید بلند ہوا ہے اب تمام تر توجہ ٹائٹل جیتنے پر موکوز ہے۔

جدیدکرکٹ میں پیسرزکےلئے باﺅلنگ آسان نہیں

کراچی (یوا ین پی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر سہیل خان کا کہنا ہے کہ جدید کرکٹ میں پیسرزفیلڈ پر جارحانہ انداز کے بجائے بیٹسمین کی جانب سے حملے کا مقابلہ کرنے کی حکمت عملی اپناتے ہیں۔ سہیل خان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں فاسٹ بالر میں جارحانہ مزاجی سے زیادہ یہ دیکھا جاتا ہے کہ وہ کتنا تجربہ کار اور اسمارٹ ہے۔ سہیل خان کے مطابق اب بالر کو مخالف بیٹسمین کا ذہن پڑھنا ہوتا ہے کہ وہ کیا کرنے والا ہے کیونکہ آج کل اچھی لینتھ پر بالنگ کے باوجود بیٹسمین بڑے شاٹس کھیلنے سے نہیں ڈرتے لہٰذا کوشش یہی ہوتی ہے کہ انہیں اگلی گیند کا اندازہ ہی نہ ہو سکے۔ ایک سوال پر سہیل خان نے بتایا کہ ماضی میں کہا جاتا تھا کہ اگر یارکر کرانے کا دماغ بنا لیا تو وہی کرو لیکن اب ایسا نہیں ہے کیونکہ حریف کو دیکھتے ہوئے پلان آخری لمحے میں بدلنا بھی پڑتا ہے۔

سہیل خان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ پاکستان سپر لیگ پر مرکوز ہے جہاں ان کی کوشش ہو گی کہ مختصر فارمیٹ میں مخالف ٹیموں کے بیٹسمینوں پر اپنی بالنگ اور حکمت عملی سے دھاک بٹھا سکیں۔یو این پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بالر کیلئے بیٹسمین کو قابو کرنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ کنڈیشنز بھی ایسی تیارکی جاتی ہیں کہ بیٹسمینوں کو بڑے اسٹروکس کھیلنے میں آسانی ہو تاکہ شائقین کرکٹ زیادہ سے زیادہ چوکوں اور چھکوں سے لطف اندوز ہو سکیں لہٰذا ایسے میں بالرز کیلئے کڑا امتحان ہوتا ہے کہ وہ خود کو حریف بیٹسمین کے حملوں سے کیسے محفوظ رکھ سکیں۔

زلمی نے ثقلین کو بڑا عہدہ دیدیا

لاہور (آن لائن) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چمپیئن پشاورزلمی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ باز اسپنر ثقلین مشتاق کو ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اپنے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرتے ہوئے اسپن باو¿لنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا۔پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں گزشتہ سال پی ایس ایل کا چمپین بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے ہیڈ کوچ محمد اکرم ہیں۔پشاور زلمی کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ محمد اکرم کو اب عظیم آف اسپنر ثقلین مشتاق کا تعاون بھی حاصل ہوگا جو ٹیم کے اسپن باو¿لنگ کنسلٹنٹ ہوں گے۔اسپن باو¿لنگ کے شعبے میں دوسرا گیند متعارف کروانے والے سابق عظیم باو¿لرآج دبئی میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔یاد رہے کہ ثقلین مشتاق کو اسپن باو¿لنگ کی کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور اس سے قبل انھوں نے انگلینڈ کی قومی ٹیم کے اسپن باو¿لنگ کوچ کے طور پر کام کیا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا تھا۔

پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں ہوگا جہاں پشاور زلمی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے افتتاحی میچ ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

بورڈ حکام کی بیٹھک میں بڑے فیصلے متوقع

لاہور (آن لائن) پی سی بی نے قومی کرکٹ سیزن کوپرکشش بنانے کی ٹھان لی۔ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلیاں اوراصلاحات لانے کےلئے پلان پرغورکیاجائیگا،پی سی بی اعلیٰ حکام پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اورپہلے معرکے کے بعد جمعے کودبئی میں سرجوڑیں گے۔ اعلی سطح اجلاس میں پاکستان کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات سے رائے لے کر قومی سیزن کو مزید پرکشش بنایا جائے گا۔ماضی کے عظیم کرکٹر کی رائے سے سیزن میں بہتری کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ چیئرمین بورڈنجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اب ڈومیسٹک سیزن میں عمدہ اندازمیں انقلابی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اس میں جدت آسکے،انٹرنیشنل کرکٹ بھی پاکستان میں مستقل بنیادوں پرجلد بحال ہوگی۔جب پاکستانی گراو¿نڈ آباد ہوں گے تو پھربیرون ملک لگنے والا پیسہ کرکٹ کے فروغ پر خرچ ہوگا، پاکستان کی معیشت کو بھی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ ہونے سے فائدہ ہوگا۔چیئرمین بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیریز کرانے کے لئے ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سے بات چیت ہوئی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے انفراسٹرکچر ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ ملک کے پانچ انٹرنیشنل سینٹرز کے بارے میں ایک رپورٹ تیار کی جائے کہ ان سینٹرز میں کیا کیا کام ہونے ہیں تاکہ جب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئے تو یہ گراو¿نڈز مکمل طور پر تیار ہوں۔ میٹنگ میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد،چیف سلیکٹر انضمام الحق،کپتان سرفراز احمد،ہیڈ کوچ مکی آرتھر،سابق ٹیسٹ کرکٹرز شعیب اختر،مصباح الحق،ڈائر یکٹر ہارون رشید،چیئرمین کے ایڈوائزر شکیل شیخ، گورننگ بورڈ کے رکن منصور مسعود خان، قومی اکیڈمی کے ڈائریکٹر مدثر نذر اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوں گی۔اجلاس میں پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری اور اس میں ریفارمز لانے کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

عوام اپنے ووٹ کے تقدس اور احترام کیلئے نوازشریف کےساتھ ہیں

شیخوپورہ (بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کے تقدس اور احترام کیلئے نواز شریف کے ساتھ ہیں،نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشن ،مسلم لیگ کو ڈرائنگ روم سے نکال عوامی پذیرائی بخشی۔رہنماءمسلم لیگ (ن) پرویز رشید نے یہ بات ہفتہ کو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ (آج) کا مسلم لیگ (ن )کا جلسہ شیخوپورہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کی جگہ کو تین گنا بڑھایا جا چکا ہے، انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کے منصب کو عزت اور توقیر دی،ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشن کیااور مسلم لیگ کو ڈرائنگ روم سے نکال عوامی پذیرائی بخشی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی شخصیت کسی عہدے کی محتاج نہیں۔ انہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کے تقدس اور احترام کیلئے نواز شریف کے ساتھ ہیں،وہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں عوام کی حکمرانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستانی عوام نے نواز شریف کےخلاف سازش پر مزاحمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام شیخوپورہ میں بھی نواز شریف کےساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرینگے ۔ اس موقع پر لیگی رہنماءمیاں جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستانی عوام نے جمہوریت کےلئے سب سے زیادہ جدوجہد کی۔ دوسرے شہروں کی طرح شیخوپورہ کے عوام نواز شریف کا بھرپور استقبال کریں گے۔

 

جنرل قمر جاوید باجوہ کا ڈاکٹرائن امریکی دھمکیوں کا ڈٹ کرمقابلہ کر رہا ہے،برطانوی تھنک ٹینک

لندن (ویب ڈیسک)برطانوی تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ کا جنرل قمر جاوید باجوہ کا ڈاکٹرائن امریکی دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل باجوہ کو مشرف تصور کر کے غلطی کی۔برطانیہ کے معروف تھنک ٹینک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ جنرل باجوہ کی زیر کمان پاک فوج امریکی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے اور جنرل پرویز مشرف کے دور کے مقابلے میں زیادہ پ±ر اعتماد ہے۔برطانوی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق باجوہ ڈاکٹرائن میں واضح کردیا گیا ہے کہ اب پاک فوج کو نہیں بلکہ دنیا کو مزید اقدامات کرنا ہیں، دہشت گردی کے خلاف مسلسل مہمات اور مشرقی سرحد کے حالات نے فوج کو پہلے سے زیادہ سخت جان بنا دیا ہے۔رائل یونائیٹڈ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق روس، چین، ترکی اور ایران پاکستان کے دفاع کے لیے سامنے آ چکے ہیں اور امریکا اسلام آباد پر اپنی گرفت کھو چکا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی انتظامیہ نے جنرل باجوہ کو پرویز مشرف سمجھ کر غلطی کی ہے جو امریکی دھمکی پر ڈھیر ہو گئے تھے، جبکہ جنرل باجوہ نے امریکا کی تمام دھمکیوں اور درخواستوں کا ڈٹ کر جواب دیا ہے اور یہ واضح کردیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مزید اقدامات کرنے کا وقت اب ختم ہو چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق افغان جنگ میں کردار ادا کرنے والے امریکا کے اسلام آباد میں سابق اسٹیشن چیف ملٹ بیئرڈن اور سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اعتراف کرتی ہیں کہ افغان مسئلے کی ذمہ داری صرف پاکستان پر ڈالنا درست نہیں، پاکستان نے افغانستان سے متعلق اپنے تمام وعدے پورے کئے ہیں اس لیے پاکستان کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹ حقیقت سے روگردانی کے مترادف ہے۔

پرویز خٹک نے تحریک انصاف کی اعلی قیادت کی کارکردگی کو تباہ کن قرار دیدیا

پشا ور (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے تحریک انصاف کی اعلی قیادت کی کارکردگی کو تباہ کن قرار دیدیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سربراہی میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پارٹی رہنماو¿ں پر پھٹ پڑے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پرویزخٹک نے پارٹی قائدین کی کارکردگی کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بڑے بڑے جلسے کرتے ہیں لیکن ان جلسوں کو پھر کوئی نہیں سنبھالتا۔ذرائع نے بتایا کہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ اور وزرائ حلقوں میں لوگوں کے مسائل حل نہیں کرتے، حلقوں میں جانے کے بجائے ذاتی مصروفیات میں مشغول رہتے ہیں، عمران خان لوگوں کواکٹھا کرتے ہیں اور پارٹی رہنما لوگوں کو بکھیر دیتے ہیں۔ذرائع تحریک انصاف نے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماو¿ں کو علاقائی سیاست کے محرکات کا علم ہی نہیں، آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی حکمت عملی کی ازسرنو تشکیل کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی رہنماو¿ں کو سکھانا پڑے گا کہ مقامی سیاست ہوتی کیا ہے؟

فیس بک نے اپنے صارفین کی روزمرہ زندگی کو مزید واضح کرنے کےلیے کئی اہم فیچرز متعارف کرادئیے

کیلیفورنیا(ویب ڈیسک)فیس بک نے اپنے صارفین کی روزمرہ زندگی کو مزید واضح کرنے کےلیے کئی اہم فیچرز متعارف کرائے ہیں جن میں دن میں کرنے کے تمام ضروری کام (ٹ±و ڈ±ولسٹ)، کام کے سلسلے میں اہم جگہوں کے دورے اور نئے سال یا ہفتے کے عہد بھی شامل کیے جاسکتے ہیں۔ان فیچرز کے ذریعے کسٹمائزڈ ایموجی اور بیک گراو¿نڈ رنگ تبدیل کرکے انہیں نمایاں طور پر نیوز فیڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ فی الحال یہ فیچر فیس بک ایپ کے اینڈروئیڈ ورڑن کےلیے ہے۔ فیس بک اس عمل کے ذریعے صارفین کی جانب سے اپنا ذاتی ڈیٹا پوسٹ کرنے کی ترغیب دے رہا ہے تاکہ ان کے سماجی حلقوں تک مزید معلومات اور ذاتی تفصیلات پہنچ سکیں۔یہ فیچر آن ہوچکا ہے اور اب فیس بک ایپ کے اسٹیٹس اپ ڈیٹ باکس کو ٹیپ کرنے کے بعد آپشنز میں نمودار ہوجاتا ہے۔ تاہم ا?پ ٹو ڈو لسٹ صرف اینڈروئیڈ ورڑن کے ذریعے ہی پوسٹ کرسکتے ہیں۔ اسٹیٹس اپ ڈیٹ باکس میں ”ڈِڈ یو نو“ نامی ایک فیچر کا دسمبر میں اضافہ کیا گیا تھا جس میں ا?پ سے کئی سوالات پوچھے گئے تھے۔تاہم ٹو ڈو لسٹ کے متعلق تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ فیس بک پر لوگ دن میں درجنوں مرتبہ اپنی ایک ایک تفصیل پوسٹ میں شامل کرتے ہیں لیکن اب وہ ہر شے کی تفصیل شامل کرکے دوسروں کو پوسٹوں کی بھرمار سے پریشان کرسکتے ہیں۔ فیس بک نے بھی ان پوسٹس کی کوئی حد نہیں بتائی ہے۔ بس اتنا اشارہ دیا ہے کہ پہلی پانچ پوسٹس ڈیفالٹ کے طور پر نمایاں ہوں گی اور بقیہ ڈراپ ڈاو¿ن میں پوشیدہ رہیں گی۔ماہرین کے مطابق جب آپ دوسرے لوگوں سے رابطہ کرتے ہیں تو یہ آپ کےلیے مفید ہوسکتا ہے لیکن انہیں دیکھتے رہنے سے اکتاہٹ ہوتی ہے۔ کچھ ایسا معاملہ پوسٹس کے ساتھ بھی ہوتا ہے جن کی بھرمار آپ کو ہلکان کردیتی ہے۔فیس بک نے گزشتہ ماہ کئی ایسے اقدامات کیے ہیں جن میں وہ ناظرین کو خبریں دکھانے اور دیگر مشہور لوگوں کی پوسٹ کو اہمیت دینے کے بجائے لوگوں کے درمیان تعلقات بڑھانا چاہتا ہے اور شاید ٹو ڈو لسٹ فیچر بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے تجزیہ کاروں نے یہ بھی بتایا ہے کہ فیس بک کا گراف تھوڑا نیچے جاسکتا ہے اور اس سال 20 لاکھ نوجوان فیس بک کو خیرباد کہہ دیں گے اور انسٹاگرام یا اسنیپ چیٹ پر چلے جائیں گے۔