کراچی (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 2018 کا الیکشن کراچی سے لڑنے کا اعلان کردیا ہے اورچیلنج کیا ہے کہ وہ کراچی شہر اورملک کا بگڑا ہوا نظام ٹھیک کرکے دکھائیں گے،کپتانa کا کہنا ہے کہ کراچی اس تک ترقی نہیں کرے گا جب تک وزیر اعظم کراچی سے منتخب نہیں ہوگا۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بار بار حکومت کی لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ان میں سے کسی نے عوام کے لیے کچھ نہ کیا۔ اس لیے اب ہم سیاست کے اس میدان میں اترے ہیں اور ہمیں اب اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ہم نے زرداری اور نواز شریف کی بدعنوان پارٹنرشپ توڑ دی ہے، نئے پاکستان کے لیے اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہارتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں پارٹی کی ممبرشپ کے لیے لگائے گئے کیمپ پرعوامی اجتماعات ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے اپنے دورہ کرا چی کے پہلے روز کراچی کے مختلف علاقوں کا طوفانی دورہ کیا اورپارٹی کے رکنیت سازی کیمپوں پرعوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ پاکستان تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کے پرانے کارکنان اور عہدیداران سے باربی کیو ٹونائٹ ریسٹورینٹ، ڈیفنس کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقعے پر چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ گزشتہ ایک عشرے یا اس سے بھی زائد عرصے سے ہیں۔ آپ اس وقت سے ہمارے ساتھ ہیں جب لوگ ہمارا مذاق اُڑایا کرتے تھے۔ لوگ کہتے تھے کہ عمران خان صرف ایک کرکٹر ہے اور کرکٹر کا سیاست میں کیا کام ہوسکتا ہے لیکن آپ کے دیرینہ ساتھ اور رفاقت کی مدد سے ہم وقت کی ہر آزمائش پر پورے اُترے۔ وقت نے ثابت کیا کہ ہمارا اور آپ کا ساتھ بڑی سے بڑی مشکل کا سامنا کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ آج اگر پاکستان تحریک انصاف کسی مقام پر ہے اور پاکستان میں لوگ جوق در جوق پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں تو اس میں آپ کی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ میں پارٹی کا چیئرمین ہونے کے ناطے پارٹی کے لیے آپ کی خدمات کو بہت اہمیت دیتا ہوں اور قدر کی نگاہ سے دیکھتاہوں۔ آج ملک کے حالات بدعنوان حکمرانوں کے طفیل بد سے بد تر ہوتے جا رہے ہیں ۔ ایسے میں آپ کی مدد سے پاکستان تحریک انصاف اس رشوت ستانی، اقربا پروری اور بدعنوانی سے بھرپور دور میں عدل و انصاف اور غریب طبقے کی بھلائی کے لیے آواز اُٹھا رہی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور دنیا کا آلودہ شہر،ن لیگ نے 40ارب اشتہاروں پر لگائے،ایک ہسپتال نہیں بنایا، شہباز شریف نے 9 ہزار ارب روپے کہاں خرچ کئے،موجودہ حکومت کے پاس تین ماہ رہ گئے اسے پی آئی اے کی نجکاری کا مینڈیٹ حاسل نہیں ،دنیا میں کہیں بھی اداروں کی نجکاری نہیں ہوتی ،ایمانداری سے ادارے چلائیں تو اس کی ضرورت نہیں پڑتی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں ڈاکٹرز کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے لاہور کو دنیا کو آلودہ ترین شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کے ستر فیصد لوگوں کو صاف پانی میسر نہیں۔ شہباز شریف کے پاس نو ہزار ارب کا بجٹ تھا، لیکن انہوں نے ایک بھی نیا اسپتال نہیں بنایا۔ پنجاب میں سارے پرانے جنگل ختم ہوگئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ آئندہ حکومت ان کی جماعت کی ہی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پاکستان کی قومی ایئر لائن ہے، تاہم کسی بھی ادارے کی نجکاری بہت سوچ سمجھ کر کی جاتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اگر ملک کے ادارے پوری ایمانداری سے چلائے جائیں تو ان کی نجکاری کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ عمران خان نے کہا کہ جب ملک میں انسانیت کا نظام ہو تو اللہ کی برکت آتی ہے ۔ ہمارے ملک میں ذرائع زیادہ ہیں لیکن یہاں غربت زیادہ ہے، مغربی ممالک میں لوگ جانوروں کو بھی انتہائی بہتر طریقے سے علاج کی سہولیات دیتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف 2018 کے عام انتخابات میں کامیاب ہو کر ملک میں حکومت قائم کرے گی۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کا فائدہ کرنے کے بجائے چند مخصوص افراد نے کثیر منافع کمایا۔انہوں نے نجی ایئرلائن ایمریٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے نے اس ایئرلائن کو بنایا تھا جو اب ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے منافع کماتی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت قومی ایئر لائن کے انتظامی ڈھانچے کو ٹھیک کرے گی اور اس کی ازسرِ نو تعمیر کرتے ہوئے اسے پیشہ آور طریقے سے چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آتے ہی پی آئی اے کے انتظامی امور میں ہر طرح کی سیاسی مداخلت کو بھی ختم کردے گی۔