نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دھونی نے ہیلمٹ پر قومی پرچم کی تصویر نہ لگانے کی وجہ بتا دی۔ ہندوستان کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی قابلیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور کئی مواقعوں پر وہ ہندوستان کو ہاری ہوئی بازی بھی جتوا چکے ہیں۔ دھونی کی زیر قیادت انڈین ٹیم نے ورلڈ کپ، ورلڈ ٹی20 اور چیمپیئنز ٹرافی جیسے ایونٹ جیتے اور وہ ڈومیسٹک سطح پر انڈین پریمیئر لیگ اور چیمپیئنز لیگ جیسے ٹائٹل جیت کر خود کو ایک عظیم کپتان بھی ثابت کر چکے ہیں۔اس کے علاوہ دھونی اپنے اصولوں کے بھی پکے ہیں، وہ اپنے ہیلمٹ پر قومی پرچم کی تصویر نہہں لگاتے, اس کی بھی ایک خاص وجہ ہے۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ہیلمٹ پر بھارتی پرچم کی تصویر بنی ہوئی ہے لیکن دھونی کے ہیلمٹ پر نہیں ہے۔ بھارت کی قومی ٹیم میں یہ ان کا چودہواں سال ہے، لیکن کیا اس تمام عرصے کے دوران کبھی آپ نے ان کے ہیلمٹ کی انفرادیت پر غور کیا؟ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہند ر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ قومی پرچم سے بہت محبت ہے اس لئے پرچم والا ہیلمٹ استعمال نہیں کرتا کیوں کہ کھیل کے دوران بار بار ہیلمٹ زمین پر رکھنا پڑتا ہے مجھے پسند نہیں کہ میرا پرچم زمین پر گرے۔ سچن ٹنڈولکر سے لے کر ویرات کوہلی تک بھارت کے ہر بڑے بیٹسمین کے ہیلمٹ پر بھارتی پرچم نظر آتا ہے مگر دھونی کے ہیلمٹ پر نہیں۔ حال ہی میں جب سوشل میڈیا پر کسی نے اس جانب اشارہ کیا تو طرح طرح کی قیاس آرائیاں سامنے آنے لگیں۔ بہت سے بھارتی شہریوں نے تو یہ کہہ کر دھونی کو تنقید کا نشانہ بھی بنانا شروع کر دیا کہ وہ دوسرے کرکٹرز کی طرح محبت وطن نہیں ہیں، لیکن جب ایک ویب سائٹ پر سوشل میڈیا صارف نے اصل حقیقت بیان کی تو معاملہ بالکل الٹ نکلا۔پتا یہ چلا کہ دھونی اپنے پرچم سے کچھ زیادہ ہی محبت کرتے ہیں اور اسی محبت کی وجہ سے ہیلمٹ پر اس کی تصویر نہیں لگاتے۔ دراصل وکٹ کیپنگ کے دوران گاہے بگاہے انہیں اپنا ہیلمٹ زمین پر رکھنا پڑتا ہے اور چونکہ وہ اپنے پرچم کو زمین پر نہیں دیکھنا چاہتے لہذا اپنے ہیلمٹ پر اس کی تصویر نہیں لگاتے۔