اسلام آباد:(ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے نہال ہاشمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں آپ کی جگہ ہوتا تو شرم سے ڈوب جاتا۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران سابق سینیٹر نہال ہاشمی نے سپریم کورٹ سے معافی کی اپیل کی۔جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ‘آپ معافی کی اپیل کیسے کر سکتے ہیں؟’چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ نے عدالت کی توہین کی ہے، یہاں کھڑے ہو کر اپنے لیے بھی یہی الفاظ دہرائیں’۔نہال ہاشمی نے کہا کہ ‘میں نے ایسا نہیں کہا’۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ‘اتنے بزرگ بیٹھے ہیں سب کو دکھا دیتے ہیں اور رشید اے رضوی کو ثالث مقرر کر لیتے ہیں’۔