بیجنگ (ویب ڈیسک)شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرپرائز دورے پر 3 روز کے لئے آنے والے شمالی کوریا کے سربراہ کی بیجنگ سے روانگی کے بعد چینی خبر ایجنسی نے دورے کی خبر جاری کی جب کہ شمالی کوریا نے بھی سپریم لیڈر کی دورہ چین کی تصدیق کی۔چینی صدر شی جن پنگ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان کے درمیان ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئی جس میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یاد رہے کہ 2011 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد شمالی کوریا کے لیڈر کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ تھا جس کے دوران ان کی اہلیہ اور دیگر حکام ہمراہ تھے۔چینی خبر ایجنسی کے مطابق کم جانگ ان نے امریکا کے ساتھ سربراہ ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جب کہ انہوں نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لئے عزم کا اظہار بھی کیا۔