لاہور (کرائم رپورٹر)ٹیپو ٹرکاں والا کے قتل کا مرکزی ملزم انٹر پول کے ذریعے دبئی سے گرفتار، ملزم 2010ءمیں ٹیپوٹرکاںوالے کے قتل کے بعد سے مسلسل مفرور تھا ، چندروز تک لاہور پولیس کے حوالے کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق سال2010ءمیں لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر قتل ہونے والے ٹیپو ٹرکاں والے کا مرکزی ملزم شہبازدبئی میں انٹر پول نے گرفتار کر لیا ہے جسے آئندہ چند روز تک لاہور لانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عرصہ دراز سے بیرون ملک بیٹھ کر اپنا نیٹ ورک چلا رہا تھا اور ٹیپو ٹرکاں والا کے علاوہ بھی متعدد کیسز میں پولیس کو مطلوب تھا ۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عابد باکسر کی دبئی میں انٹر پول کے ہاتھوں گرفتاری کی ابتدائی خبروں میں شہباز سائیں کی بھی عابد باکسر کے ہمراہ ہی گرفتاری کی خبریں گردش کرتی رہیں جبکہ چند روز قبل لاہور پریس کلب میں عابد باکسر کے اہل خانہ کی جانب سے ان کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں مبینہ طور پر حبس بے جا میں رکھنے کے متعلق پریس کانفرنس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عابد باکسر کے دست راست شہباز سائیں کی گرفتاری کے دعوے کے بعد ممکنہ طور پرگرفتاری ملزم کی نشاندہی پر عابد باکسر کی گرفتاری کرتے ہوئے اسے منظر عام پر لانے کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے کیونکہ اس حوالے سے آئی جی پنجاب اور ڈی جی ایف آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پہلے سے ہی عدالت میں یہ بیانات ریکارڈ کروا چکے ہیں کہ عابد باکسر ان کی حراست میں نہیں اور عین ممکن ہے کہ اب کی گرفتاری بذریعہ شہباز سائیں ظاہر کرنے کی تیاری کی گئی ہے تاہم اصل حقائق وقت گزرنے کے بعد ہی منظر عام پر آئیں گے ۔
