اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے میں بہت مدد ملی ہے،اگر دوبارہ ضرورت محسوس ہوئی تو وہ پھر مل سکتے ہیں۔ شاہد خا قان عباسی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے ملاقات پر قیاس آرائیوں کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلی کی تقریر میں کہہ چکے تھے کہ کچھ مشکلات ہیں، اگر یہ مسائل رہیں گے تو پاکستان کے حالات خراب ہوں گے. اسی تناظر میں چیف جسٹس سے ملاقات کی،ان سے کھل کر بات کی اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا، اس سے ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے میں بہت مدد ملی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر دوبارہ ضرورت محسوس ہوئی تو وہ پھر مل سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملاقات کرنے کے بعد انہیں بھی چیف جسٹس کی در پیش مشکلات کا اندازہ ہواہے. انصاف میں تاخیر ہو تو وہ انصاف نہیں کہلایا جاتا، ماضی میں عدلیہ سے غلطیاں ہوئی ہیں، جن سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، امید ہے ماضی سے سبق حاصل کیا جائے گا۔اداروں کے درمیان تناو¿ پوری دنیا میں رہتا ہے، لیکن وہاں یہ بریکنگ نیوز نہیں رہتا، میں ٹی وی نہیں دیکھتا، اس لیے میں تناو¿ کا شکار نہیں ہوا۔