جودھپور (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو کالا ہرن شکار کیس میں 5 سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی جاچکی ہے ، جس وقت فیصلہ سنایاگیا اس وقت سلمان خان کی دونوں بہنیں پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان بدھ کو ہی اپنی دونوں بہنوں الویرا خان اور ارپتا خان کے ہمراہ جودھپور پہنچ چکے تھے۔ آج (جمعرات کو) وہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہیں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ جس وقت جج کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا اس کے فوری بعد پولیس نے سلمان خان کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا۔ اس ساری کارروائی کے دوران سلمان خان کی دونوں بہنیں پھوٹ پھوٹ کر روتی رہیں جبکہ اداکار اپنی بہنوں کو دلاسہ دیتے رہے۔