تازہ تر ین

پنجاب حکومت کی درخواست پر خادم رضوی کی گرفتاری پھر موخر

اسلام آباد (نیا اخبار رپورٹ) اسلام آباد پولیس نے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ حکومت پنجاب کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام نے حکومت پنجاب سے علامہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری اور اس سے ممکنہ پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ہے جس میں پنجاب پولیس نے ہر طرح کے تعاون کا تو یقین دلایا تاہم اس کے لیے مناسب وقت کا انتظار کرنے کی درخواست بھی کی۔ اس پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے بنائی گئی مختلف ٹیموں کو وقتی طور پر کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا گیا ہے اور مناسب وقت کے انتظار کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کے لیے تحریک لبیک یا رسول اللہ کا چھٹے روز میں داخل ہونے والا دھرنا مشکلات کا باعث ہے اور سیکیورٹی کی صورت حال بھی خراب ہو رہی ہے۔ حساس اداروں کی جانب سے حکومت کو بتایا گیا ہے کہ خادم رضوی کر گرفتاری سے پنجاب بھر میں طوفان برپا ہو جائے گا اس لیے جلد بازی کے بجائے خصوصی حکمت عملی ترتیب دی جائے اور اس پر عمل کیا جائے، کوشش کی جائے کہ معاملہ مذاکرات اور افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، خادم حسین رضوی کے قریبی ساتھیوں کو طریقہ کار کے تحت پہلے الگ کیا جائے اور پھر کارروائی کی جائے۔ حکومت پنجاب نے اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام کو پیدا شدہ نئی صورت حال سے آگاہ کیا اور کہا کہ اچھا ہو گا ابھی خادم رضوی گرفتار نہ کیا جائے۔

 


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain