ممبئی(شوبزڈیسک) بالی وڈ کوئین کترینہ کیف نے کہا ہے کہ اچھا دوست بہت بڑی نعمت ہوتا ہے ، سلمان خان اور میرے درمیان احترام کا رشتہ ہے ، سکینڈلز نہ بنائے جائیں۔ بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کترینہ نے کہا کہ دو لوگوں کے درمیان موجود دوستی کو کبھی سمجھایا نہیں جاسکتا اس رشتے کی وضاحت صرف وہی دو لوگ کرسکتے ہیں۔ اگر سلمان خان کی بات کی جائے تو ہم دونوں کے درمیان احترام کا رشتہ ہے اور میرے لیے کسی بھی رشتے میں احترام ہی سب سے ضروری ہے، جب کسی رشتے میں احترام ہو تو کسی اور بات کا ہونا یا کہنا ضروری نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دوستی کرنا کوئی جرم نہیں ہے اور اچھا دوست بڑی نعمت ہوتا ہے مگر ہمارے ہاں سکینڈل بنا لیے جاتے ہیں میڈیا کو چاہیے کہ وہ کسی لڑکی کے ایسے من گھڑت سکینڈل نہ بنایا کریں۔