لاہور(شوبزڈیسک) معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ایسے میں عوام کو تفریح سے بھرپور فلموں کی اشد ضرورت ہے،پہلے کی کہہ چکی ہوں رواں سال 2018ءمیں جیسے ہی کوئی پسند آیا شادی کرلوںگی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ غریب عوام بیروزگاری، لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، دہشت گردی اور دیگرمسائل کی وجہ سے ذہنی مریض بن چکے ہیں، عوام کے پاس تفریح کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں تاہم ایسے میں فلم ہی ایک ایسا میڈیم ہے جو عوام کی سب سے پسندیدہ اور بہترین تفریح ہے اس کیلیے ہمارے ملک میں فلمیں بنانے والے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ وہ عوام کوتفریح فراہم کرنے کے ساتھ ایسی فلمیں بھی بنائیں جو سبق آموز ہوں۔
اگر موجودہ فلم میکرز ماضی کی روایت کو لے آگے بڑھے تو پھر ترقی نہیں بلکہ بحران ہمارا مقدر بن جائے گا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف سینما گھرتباہ ہوئے تو دوسری جانب نگارخانے ویرانیوں میں کھو گئے۔ یہی نہیں منافع خور فلم میکرز اور سرمایہ کار نے بھی فلم انڈسٹری سے ایسی آنکھیں پھیریں کہ پھر ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا دکھائی دیا۔اداکارہ نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں اتارچڑھا توآتا رہتا ہے لیکن اس موقع پرجولوگ ساتھ چھوڑجاتے ہیں، ان سے گلہ کرنے کے بجائے سبق سیکھنا چاہیے کیونکہ اچھے وقت میں توسب ساتھ کھڑے ہوکر اچھا بنتے ہیں لیکن مشکل وقت میں جو ساتھ کھڑا ہو وہی سچا دوست اور ہمدرد ہوتا ہے۔شادی کے سوال پر انہوں نے کہاکہ میں پہلے ہی کہہ چکی ہوں کہ شاید2018ءمیری شادی کی نوید لے کرآیا ہے اور جیسے ہی کوئی پسند آیا شادی کرلوں گی ۔