لاہور( اپنے نمائندے سے) انتہائی معتبر ذرائعaسے معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی کے کچھ مزید ارکان حکمران جماعت ن لیگ کو چھوڑنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں اور انتخابات کے شیڈول کے اعلان سے قبل ہی وہ اس بارے میں اعلان کردینگے۔ اس وقت ایک درجن سے زائد ارکان قومی اسمبلی ن لیگ کو خیر باد کہہ چکے ہیں، اس صف میںموجود مزید ارکان کی تعداد میں درجنوں میں بتائی جاتی ہے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے ارکان اس کے علاوہ ہونگے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کے ایسے ممبرز کی تعداد پچپن بتائی جارہی ہے، جو ن لیگ چھوڑ چکے ہیں، یا چھوڑنے والے ہیں، یہ اپنے فیصلے کا اعلان مرحلہ وار کرینگے جو انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک مکمل ہوجائے گا، سیاسی مبصرین کے مطابق ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کے حالیہ رویہ کی بنا پر بہت سے ارکان پارٹی سے نالاں ہیں، خصوصاً فوج اور عدلیہ کے حوالے سے بیانات کو پسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھا جارہا، جنوبی پنجاب کے ارکان کی ناراضگی کی بڑی وجہ علیحدہ صوبہ کے قیام کے مطالبے سے پارٹی قیادت کا انحراف ہے جبکہ گزشتہ دور حکومت میں پنجاب اسمبلی اس سلسلے میں قرار داد بھی منظور کرچکی ہے مگر اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
