بالی وڈ میں سب فلموں کی ریلیز، باکس آفس ،ٹریلر اور پروموشن پر بھاری دبنگ خان کی گرفتاری رہی۔سلمان خان کو دو راتیں جودھ پور کی جیل میں کاٹنی پڑیں ، وہ بھی سلطان، نہیں بلکہ قیدی نمبر 106بن کر۔ سلمان خان کو یہ سز ا نایاب کالے ہرن مارنے کے 20سال پرانے مقدمے میں سنائی گئی ۔سلمان کا عدالت اور جیل سے تعلق بہت پُرانا ہے۔ سلو میاں پر بدنام زمانہ ہِٹ اینڈ رَن کیس (جس میں فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر گاڑی چڑھا کر مارنے کا الزام ) تھا اور دوسرا خطرناک اسلحہ رکھنے کا مقدمہ ،ان دونوں مقدموں سلمان کو پہلے سزا اور پھر بڑی عدالت سے بریت مل چکی ہے۔
سلمان کالے ہرن کے شکار پر سزا ملنے کے بعد اب تو گھر آگئے، جہاں ان کے فینز نے ان کا زبردست استقبال کیا، لیکن اس مقدمے کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں سلمان کے تمام ساتھیوں سیف علی خان،سونالی بندرے، تبو اور نیلم کو بیس سال بعد بے قصور قرار دے دیا گیا ۔سلمان خان کو ملنے والی سزا اور پھرضمانت میں ملنے والی رہائی سے ان کی عید کی ریلیز ’’ریس تھری‘‘ کو بھی ٹھیک ٹھاک فائدہ ہوگا۔