اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے نوازشریف کی سیاست کا وہ دور شروع ہوا ہے جس سے ہمارے مخالفین کو ڈرنا چاہیے۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ وہی فیصلہ ہے جس سے شہید بھٹو کو پھانسی چڑھایا گیا اور بےنظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، آج پھر پاکستان کے تیسری مرتبہ منتخب وزیراعظم کو تاحیات نااہل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جس فیصلے میں نوازشریف کو ایک اقامے پر نااہل کیا گیا اس کا ٹرائل ہورہا ہے، منتخب وزیراعظم کو نااہل کیا جاتا ہے اور فیصلے پر ٹرائل بعد میں آتے ہیں، جو ٹرائل مکمل نہیں ہوا اس پر منتخب وزیراعظم کو تاحیات نااہل کردیا گیا، یہ وہی مذاق ہے جو پاکستان میں 17 وزرائے اعظم کے ساتھ ہوتا چلا آیا ہے۔