ممبئی(شوبزڈیسک ) بھارتی اداکارہ سونم کپور اور ان کے دوست آنند آہوجا کی شادی کی خبریں بھارتی میڈیا میں گزشتہ کئی سال سے گردش کررہی ہیں، شروع میں تو سونم کپور نے آنند آہوجا کے ساتھ تعلقات سے انکار کیا تاہم گزشتہ دنوں سونم کپور نے آنند آہوجا کے ساتھ باقاعدہ شادی کا اعلان کیا، بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کی شادی 11 یا 12 مئی کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونا تھی لیکن اب دونوں کی شادی کی تاریخ اور مقام تبدیل ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی اب 6 اور 7 مئی کو ممبئی میں ہوگی جب کہ رسیپشن نئی دہلی میں دیا جائے جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریبات میں ڈانس کے لیے معروف کوریو گرافر فرح خان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ڈانس کی پریکٹس انیل کپور کے گھر میں جاری ہے۔