کراچی (صباح نیوز)محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں شدید گرمی کی پیشگوئی کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات ے آئندہ دو روز کے دوران کراچی میں موسم خشک اور شدید گرم ہونے کے ساتھ ساتھ آج درجہ حرارت کے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ گرمی کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میںدو روز کیلئے جمعرات اور آج (جمعہ ) کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ قائم کرنے اور آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔دوسری جانب شدید گرمی کی لہر کے باعث سرکاری ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے حکام نے مزید بتایا کہ کراچی میں (آج ) جمعہ کے روز درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچے کا امکان ہے جب کہ ہفتے سے شہر کا موسم دوبارہ معمول پر آنے کے امکانات ہیں۔مزید خبردار کیا گیا کہ مئی اور جون میں موسم معمول سے زیادہ گرم اور خشک رہے گا اور درجہ حرارت بھی معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔یہ بھی پیشگوئی کی گئی ہے کہ مئی اور جون میں اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے بھی اوپر جاسکتا ہے۔علاوہ ازیں گرم اور خشک موسم کے باعث اگلے دو ماہ پانی کے ذخائر بھی مسلسل کمی کا شکار رہیں گے۔دوسری جانب رواں ہفتے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے اور بعض مقامات پر بارش، ژالہ باری اور آندھی کے امکانات ہیں۔ اگر فضا میں ہوا نہ ہو تو شہری لو لگنے، ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کا شکار ہوسکتے ہیں۔



































