لاہور(شوبز ڈیسک ) اداکارہ وماڈل صنم چوہدری نے کہا کہ فلم بین پردہ اسکرین پر اچھی اور معیاری تفریح چاہتے ہیں جس کیلئے نوجوان فلم میکرز میوزیکل ، کامیڈی اور رومانٹک فلمیں بنانے کو ترجیح دے رہے ہیں جوکہ خوش آئند عمل ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صنم چوہدری نے کہا کہ ٹی وی کی طرح فلم میں بھی جاندار پرفارمنس کیلئے کردارکے ساتھ ڈانس میں مہارت حاصل کرنے کیلئے باقاعدہ تیاری کی ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ گزشتہ چند سالوں میں ہماری فلم انڈسٹری کا نیا جنم ہوا ہے جس کا کریڈٹ فلم میکنگ میں نئے آنے والوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، اسی وجہ سے معروف فلمی ادارے بھی متحرک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میگا بجٹ کی بہت سی فلموں کا آغازہوچکا ہے اورآنے والے دنوں میں مزید بڑے پروجیکٹس کی شوٹنگز کا آغاز ہوگا۔
صنم چوہدری نے کہا کہ ایک دور تھا جب لاہور فلمی سرگرمیوں کے حوالے سے گڑھ مانا جاتا تھا لیکن اس وقت کراچی میں بہت معیاری فلمیں پروڈیوس کی جا رہی ہیں۔ نوجوان فلم میکرزجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان فلم انڈسٹری کیلیے انقلابی کام انجام دے رہے ہیں۔اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بالی ووڈ کے مقابلے میں پاکستانی فلموں کی کامیابی کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے فلم میکر بین الاقوامی معیار کوسامنے رکھتے ہوئے فلمیں بنا رہے ہیں اور فلم بین بھی اسی طرح کی ہی فلمیں دیکھنا چاہتے تھے۔صنم چوہدری نے کہا کہ میرے لیے یہ انتہائی مسرت کی بات ہے کہ فلمی کیرئیرکا آغازایک پاکستانی فلم سے کر رہی ہوں، جہاں تک بات بالی وڈ میں کام کرنے کی ہے تواس کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ فی الوقت میری تمام ترتوجہ اپنی فلموں اور ڈراموں پر مرکوز ہے۔