لاہور(ویب ڈیسک )سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ 28مئی کو ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کو بتادیا کہ پاکستان اتنا ہی طاقتور ہے جتنے تم ہو ،ہم نے مشرف کی طرح ملک کی عزت کا سودا نہیں کیا۔ان کا کہنا ہے کہ آج عدالت میں 75ویں پیشی تھی ،مریم نواز آج عدالت میں تین سے چار گھنٹے کھڑی رہیں ،اس سے پہلے بھی مریم اور میں کئی کئی گھنٹے کٹہرے میں کھڑے رہے۔لاہور میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب نوازشریف نے کہا کہ ایٹمی دھماکا نہ کرنے پر امریکی صدر کلنٹن نے مجھے 5ارب ڈالر دینے کی پیشکش کی تھی ،برطانوی وزیراعظم اور دیگر عالمی رہ نماوں نے بھی کہا ایٹمی دھماکے نہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ محب وطن نہ ہوتا یا کرپٹ ہوتا تو 5ارب ڈالر میں سے کچھ جیب میں ڈال لیتا،میں نے دھماکے کرنے کے بعد امریکی صدر کو فون کرکے بتایا کہ ہم عزت پر سودا نہیں کرتے۔سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بل کلنٹن سے گفتگومیں میں نے کہا بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے ہیں توجواب دینا ہماراحق بنتا تھا، انہوں نے میرے موقف کی تائید کی۔ان کا کہناتھاکہ پاکستان ایسی ایٹمی قوت بن چکا ہے کہ کوئی اسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ،ہم ایٹمی طاقت نہ بنتے تو کیا بھارت کا وزیراعظم بس پر بیٹھ کر پاکستان آتاایٹمی دھماکوں کے 8ماہ بعد بھارتی وزیراعظم واجپائی خود چل کے پاکستان آئے۔






































