سڈنی (صباح نیوز) آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے میچ فکسنگ کے الزامات کو یکسر مسترد کردیا۔ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس فکسنگ سے متعلق کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں۔فرانسیسی خبر رساںادارے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی بورڈ کے چیف کی جانب سے متعلق ٹی وی چینل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اصل ویڈیو ٹیپ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حوالے کرے، تاکہ آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا آغاز ہوسکے، اس سلسلے میں جو بھی تعاون درکار ہوگا، ہم دیں گے۔سنڈرلینڈ چیف کا مزید کہنا تھا کہ بیشک ہمیں اس سلسلے میں کوئی مصدقہ شواہد اور ثبوت یا اصلی ویڈیو فراہم نہیں کی گئی ہے، تاہم اپنے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے ہم اس بات پر متفق ہیں کہ اس سلسلے کی تحقیقات کیلئے مکمل تعاون اور سنجیدگی سے لیا جائے گا۔واضح رہے کہقطر کے معروف نشریاتی ادارے کی جانب سے کرکٹ میں ہونے والی کرپشن پر بنائی گئی ڈاکومینٹری میں رانچی میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بھی اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف ہوا اور اس میں آسٹریلیا کے ہی دو کرکٹرز ملوث پائے گئے ہیں۔یہ میچ مارچ 2017 میں کھیلا گیا تھا، ڈاکومینٹری میں انیل منور نامی ایک بھارتی شخص کو انڈر کور رپورٹر کے سامنے دو آسٹریلوی کرکٹرز کا نام لیتے ہوئے دکھایا گیا، اگرچہ یہ نام ایڈیٹ کرکے نکال دیے گئے ہیں مگر چینل کا کہنا ہے کہ وہ یہ معلومات متعلقہ اتھارٹیز کے سپرد کرسکتے ہیں۔چینل نے یہ بھی دعوی کیا کہ انیل منور کے الزامات پر جب ان دونوں آسٹریلوی کھلاڑیوں سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
