اسلام آباد (ویب ڈیسک )سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی نے بہت اہم گفتگو کی ہے اس لیے ضرورت ہے کہ ساری چیزوں کی تہہ تک جایا جائے۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ اسد درانی نے کتاب لکھی، مشرف اور شاہد عزیز نے بھی بیان دیے، اب ضرورت ہے ساری چیزوں کی تہہ تک جایا جائے اور مشاورت کے ساتھ نیشنل انکوائری کمیشن بننا چاہیے۔ نواز شریف نے کہا کہ کمیشن میں پارلیمنٹ، سول سوسائٹی اور عدلیہ بھی شامل ہو، اسٹیبلشمنٹ بھی کمیشن کا حصہ ہو سکتی ہے۔آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صرف ایک شخص کے خلاف انکوائری کا فائدہ نہیں، پورے نیٹ ورک کے خلاف انکوائری ہو، جس نے یہ پالیسیاں بنائی اور عملی جامہ پہنایا اس کو دیکھنا چاہیے، ملبہ ایک بندے پر نہیں ڈالا جا سکتا۔صحافی نے سوال کیا کہ ‘سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا الیکشن بین الاقوامی طور پر سبوتاڑ کیے جاسکتے ہیں، کیا کہیں گے’ اس پر نواز شریف کے ہمراہ موجود مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ان کیمرا بریفنگ لینی چاہیے۔






































