اسلام آباد(انٹرویو:سید انوار زیدی،تصاویر:فتح علی) نگران وزیر اعظم کی نامزدگی میں ملک کی بڑی اور اصل اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف سے مشاورت نہیں کی گئی لیکن اس کے باوجود وسیع تر قومی مفاد اور جمہوریت کی پاسداری کے لیے عمران خان نے نگران وزیراعظم کی نامزدگی کو قبول کیا یہ باتیں پاکستان تحریک انصاف کے راہنما اور ممبر قومی اسمبلی علی محمد خان نے خبریں کو ایک انٹرویو کے دوران کہیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف جو تین بار ملک کے وزیر اعظم رہے نہ صرف غیر جمہوری رویہ اپنایا بلکہ جمہوریت کو کھوکھلا کرتے ہوئے شخصی حکومت بنانے کی کوشش کی ان کے تکبر اور لوٹ مار نے آج یہ دن دکھایا ہے کہ وہ اپنی سیاست کے خود ہی قاتل بن گئے عمران خان پر اسٹیبلشمنٹ کا ایجنڈ ہونے کا الزام لگایا گیا لیکن عمران خان نہ بکنے والی نہ جھکنے والی اور اصولوں پر ڈٹ جانے والی شخصیت ہیں ۔ علی محمد خان نے کہا کہ آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی کو گڑھی خدا بخش میں دفن کردیا ہے اور ایک ملک گیر عوامی پارٹی کو سندھی وڈیروں کی جوتی بنا دیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اپنے پانچ سالہ دور حکومت کے ملکی ترقی کی دعویدار ہے لیکن حقائق تو یہ ہیں کہ اس دورانیہ میں ملک کو جمہوری روایات سے ہٹ کر اپنی مرضی کی مقرر کردہ راہوں میں چلایا گیا اس کی نہ تو کوئی خارجہ پالیسی تھی اور نہ ہی کوئی داخلہ پالیسی رہی قرضوں پر قرضے لیکر مصنوعی ترقی کے دعوے کیے گئے ۔ پرویز مشرف کے دور ملک ساڑھے چھ ارب ڈالر کا مقروض تھا ۔ آصف زرداری کے دور حکومت میں 13ارب ڈالر تک قرضے بڑھے لیکن نواز شریف کے دور حکومت میں تو ساری حدیں کراس کر دیں گئیں اور آج پاکستان 27ارب ڈالر کا بیرونی قرضوں کے جال میں پھنس چکا ہے ۔پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کی باتیں کرنے والوں نے پاکستان کو ایشین بیگر بنا دیا اور کشکول توڑنے کی بجائے کئی کشکول بنا کر قرضہ لیا گیا۔
‘




































