لاہور (ویب ڈیسک) چین کا پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں جدید الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروانے کا منصوبہ، بجلی سے چلنے والی کاروں پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔چین کی سرکاری آٹو مینو فیکچرنگ کمپنی “جیک موٹرز” اپنے نئے منصوبے کے تحت الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانا چاہتی ہے۔ کمپنی کے ڈپٹی چیف کا کہنا ہے کہ ہم مستقبل میں طویل مدتی ترقیاتی پروگرام کے تحت پاکستانی مارکیٹ میں خاص طور پر بجلی کی نئی گاڑیوں کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف جا رہی ہے اور کمپنی کی انتظامیہ سوچ رہی ہے کہ وہ پاکستان میں پیداوار بڑھانے کے مواقعوں کو استعمال کریں۔ الیکٹرک کاروں کی قیمت بہت کم ہے، جس سے درمیانی طبقے کے لوگ مستفید ہوں گے۔ اس لیے یہ بہترین وقت ہے کہ پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں پیش کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی مارکیٹوں میں ہماری مصنوعات کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے اور ہم مستقبل میں درمیانے اور بھاری ڈیوٹی ٹرکوں کی پیداوار میں بھی اضافہ کریں گے۔