ملتان (سپیشل رپورٹر) عدالت میں ضمانت کی کوششوں میں ناکامی کے بعد ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم علی رضا قریشی کے والد اختر عالم قریشی نے مرجان کے والد امین جوئیہ کے قاسم پور کالونی کے رہائشی پیر منظور حسین رضوی کو رام کرلیا، پیر منظور نے اپنی تمام تر پھونکوں کا رخ مرجان کے والد کی طرف کرتے ہوئے ان پر سخت دباﺅ ڈال رکھا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو صلح پر مجبور کریں مگر مرجان نے صلح سے انکار کردیا جس پر پیر منظور شاہ نے دوسرا حربہ استعمال کیا کہ میرا حساب کہتا ہے کہ اس کیس کی وجہ سے آپ کی فیملی کو نقصان ہوسکتا ہے اس لیے آپ کو شہر چھوڑنا ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ امین جوئیہ کسی حد تک صلح پر آمادہ ہیں مگر مرجان کسی بھی طور پر صلح کے لئے تیار نہیں اور وہ ہر فورم پر لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ سیشن جج سے درخواست ضمانت خارج ہونے کے بعد کیس کے مرکزی ملزم علی رضا قریشی کی درخواست ضمانت ہائی کورٹ میں دائر تھی جس کی گزشتہ روز پیشی تھی جس میں عدالت کی جانب سے آئندہ پیشی کیلئے 3 جولائی تاریخ رکھی گئی ہے دوسری جانب مرجان کیس میں پراسیکیوٹر کو تبدیل کرکے کیس کی پیروی سینئر پراسیکیوٹر کے سپرد کردی گئی، جنہوں نے عدالت میں یہ بیان دیا کہ ملزم کے موبائل سے ویڈیو ریکور کرلی گئی ہے جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری کی رپورٹ کا انتظار ہے جس کی وجہ سے آئندہ تاریخ 3/7 مقرر کی گئی ہے۔ ادھر ہائی کورٹ پیشی کے بعد وومن کرائسس سنٹر کی ایس ایچ او مریم نے زیادتی کا شکار ہونے والی طالبہ مرجان اور ان کے والد کو کیمپس میں تحقیقات کے حوالے سے وومن کرائسس سنٹر طلب کیا ہے۔
مرجان کیس





































