کراچی (این این آئی) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہےکہ پاکستان میں کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ جمعرات کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میٹ کمپلیکس میں ہوا۔اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کے اراکین سمیت محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک تھے۔اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس تمام صوبائی دارالحکومت اور وزارت مذہبی امور اسلام آباد کے دفتر میں ہوئے۔ مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت اجلاس میں 1439 ہجری کے شوال کے چاند کی رویت کا جائزہ لیا گیا اور شوال کے چاند سے متعلق ملک بھر سے شہادتیں جمع کی گئیں۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے سے شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگئی۔قبل ازیں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شوال کے چاند کی پیدائش 13 جون کو رات 12 بجے ہوگئی ہے اور جمعرات کی شام تک چاند کی عمر 19 گھنٹے 3منٹ ہوگی۔انہوں نے بتایا تھا کہ غروب آفتاب کے بعد 39منٹ تک چاند نظر آنے کا وقت ہے اور جمعرات کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔اس حوالے سے ماہر فلکیات پروفیسر جاوید اقبال نے کہا تھا کہ مغرب کے وقت چاند کی عمر اتنی کم ہوگی کہ عام آنکھ سے دکھائی دینا مشکل ہوگا البتہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں چاند دور بین سے دکھائی دیا جاسکتا ہے البتہ ایسا نہیں ہوا۔





































