تازہ تر ین

زرداری کا گزین مری کو سیاست میں اتارنے کا فیصلہ

لاہور (خصوصی رپورٹ) بلوچستان کی سیاست میں پیلپلز پارٹی کے سربراہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنا کردار بڑھانے کی تیاری کر چکے ہیں‘ مستقبل میں آصف زرداری یہاں اپنے پرانے دوست اور بلوچ سیاست کے اہم خاندان کے فرد گزین مری کے ذریعہ سے اپنا کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں‘ آصف علی زرداری جو خود بھی نسلاً بلوچ ہیں ماضی میں بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں‘ نوابزادہ گزین کے ذریعہ سے اب وہ پہلے سے زیادہ حصہ کے خواہشمند دکھائی دیتے ہیں‘ گزین بلوچ میں وزارت اعلیٰ کے خواہشمند ہیں اور آصف علی زرداری ان کے ذریعہ سے صوبہ کی سیاست میں خود کو ان کرنے کے خواہشمند ہیں البتہ نوزائیدہ بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے ہوتے ہوئے وہ کس طرح سے ایڈجسٹ کریں گے یہ دیکھنے کی بات ہو گی۔ بلوچستان سے دستیاب اطلاعات کے مطابق مرحوم بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کے صاحبزادے بلوچ دہشت گرد تنظیموں بی ایل اے اور یو بی اے کے سربراہان ہیر بیار مری اور مہران مری کے منجھلے بھائی اور سابق صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان نوابزادہ گزین مری آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ گزین مری نے کوہلو پی بی 9کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا رہے ہیں اور وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ نوابزادہ گزین 18 برس تک دبئی میں جلا وطنی کی زندگی گزارنے کے بعد گزشتہ برس ستمبر میں پاکستان لوٹے تھے انہوں نے خود کو قانون کے سامنے پیش کیا اور اپنے خلاف مقدمات میں ضمانتیں حاصل کیں۔ کہا جاتاہے کہ گزین خود ساختہ جلاوطنی میں بھی اپنے بھائیوں سے تو رابطہ میں تھے مگر خود کسی دہشت گردی میں ملوث نہیں رہے‘ اطلاعات کے مطابق یہ بھی کہا جاتا ہے کہ گزین نے آصف زرداری کے توسط سے 2005ء میں ہی عسکری قیادت کے ساتھ تعلقات استوار کر لئے تھے اور آصف زرداری کے صدر بن جانے کے بعد بھی گزین متحرک رہا‘ اس نے ایک بار کہا تھا کہ”میں نے ہتھیار چھوڑے ہیں بھائی نہیں“ اس حوالہ سے ان کا نام ظاہر کر رہا ہے کہ گزین مری کے ذریعہ سے ان دنوں دہشت گرد تنظیمیں کا کہیں نہ کہیں ملکی اداروں سے رابطہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی ادارے اپنے میڈیا میں اب کھلے عام کہنے لگے ہیں کہ بلوچ سردار صرف ہماری رقم پر عیاشی کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آصف زرداری نے بلوچستان میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے گزین کو لانچ کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کر لیا تھا اور گزین کی گزشتہ برس واپسی اس منصوبے کا حصہ تھی‘ اب چونکہ گزین آزاد الیکشن لڑ رہا ہے جیتنے کی صورت میں اس کی نظر وزارت اعلیٰ کی کرسی پر ہے اور وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اس بات چیت کے ذریعہ سے بلوچستان میں دہشت گردی کی آگ ٹھنڈی کر سکتے ہیں۔ ان کی اس بات پر ابھی تک اس لئے یقین کیا جا رہا ہے کہ ان کی وطن واپسی کے فیصلہ پر تینوں دہشت گرد سربراہوں ہیر بیار‘ مہران اور براہمداغ نے کوئی بڑا ردعمل نہیں دیا تھا۔ گزین کی زرداری سے دوستی کا عرصہ 30 برس پر پھیلا ہوا ہے‘ جہاں یہ دونوں اپنی مشترکہ ڈینش نژاد دوست ریحانہ ملک سے ملکر گھڑ سواری کیا کرتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق آصف علی زرداری اس کوشش میں ہیں کہ وہ آزاد یا پارٹی کے نام پر بلوچستان اور سندھ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر کے امن اور دہشت گردی خاتمے کیلئے اپنے کردار کے حوالہ سے سودے بازی کریں گے‘ گزین کے الیکشن حصہ لینے کے سبب بلوچستان میں آنے والے دنوں میں سیاست دلچسپ ہو سکتی ہے‘ معاملہ اس لئے بھی دلچسپ ہے کہ گزین کے بڑے بھائی جنگیز مری بھی قبیلے کے سردار کی حیثیت سے سیاست میں کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ بھی وزارت اعلی کے امیدوار ہو سکتے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain