ماسکو(نیوزایجنسیاں)ورلڈ کپ فٹ بال کے پہلے ہی میچ میں برازیل کو شدید نوعیت کے دو دھچکے لگے ، ایک تو ٹیم سوئٹزرلینڈ کو شکست دینے میں ناکام رہی، پھر مرکزی سٹرائیکر نیمار جونئیر بھی انجری کا شکار ہو گئے۔میگا ایونٹ میں پانچ بار کی عالمی چیمپئن ٹیم برازیل اور سوئٹزرلینڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کے 14ویں منٹ میں برازیل کے مین سٹرائیکر نیمار کے پاوں میں شدید چوٹ لگی۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیمار فٹنس مسائل سے دوچار ہو گئے ہیں۔ پورے میچ میں ان کے خلاف 10 بار فاول پلے کیا گیا، اگلے ٹریننگ سیشن میں نیمار کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا اور ممکن ہے جمعہ کو کوسٹاریکا کے خلاف ہونے والے میچ میں انہیں آرام دیا جائے۔
