لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل چینل فائیو کے خصوصی پروگرام ” کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ نگار مریم ارشد نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود پاکستان میں پٹرول کی قیمت زیادہ ہے مگر پاکستانی عوام قیمت کم کرنے پر اصرار نہیں کرتی، عوام نے تہیہ کرلیا ہے کہ ہم نے سب قبول کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان آنا چاہتے ہیں ، انہیں بہادری سے آکر کیسز کا سامنا کرنا چاہئے ، وہ جانتے ہیں کہ دنیا میں صرف پاکستان میں ہی وہ رول کرسکتے ہیں، پاکستانی سیاست کے حوالے سے فیصلوں کی پلاننگ لندن میں ہوئی ہے ، عوام کا حق ہے کہ وہ جانیں کہ زعیم قادری اور چوہدری نثار کی پارٹی سے علیحدگی کی وجہ کیا ہے ، جبکہ تجزیہ نگار ضمیر آفاقی نے کہا کہ حکومتیں پٹرول کی قیمتوں کا تعین کرنیوالوں کے سامنے بے بس ہوتی ہیں، فوری پیسے اکھٹے کرنے کیلئے بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمت محض بڑھا دیتے ہیں کیونکہ ہمارا ٹیکس نیٹ اور برآمدات اتنی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے استعفیٰ دینے سے صرف ایک شخس پارٹی کے نئے صدر ڈاکٹر امجد کو فرق پڑا ہے ، دبئی اور انگلینڈ پاکستانی سیاست کا گڑھ ہیں، دعا ہے کلثوم نواز صحت یاب ہوکر آئیں، شہباز شریف کی لندن سے واپسی زعیم قادری کے ناراضگی کے پیش نظر ہے کہ وہ پارٹی کو مزید نقصان نہ پہنچائیں ، زعیم قادری کو 30سال بعد غیرت آئی، تجزیہ نگار اشرف سہیل نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور دیگر معاملات پر سپریم کورٹ کا نوٹس لینا مستقل حل نہیں، مسائل پیدا کرنیوالے کتے کو کنویں میں سے نکالنا ہوگا، 100سال یہاں حکومت کرنیوالے شاید ہمارے فیصلے بہتر کرسکتے ہیں، شہبازشریف کو مشورہ ہے کہ لندن کی طرح پاکستان میں ھی سڑک پار کریں اور پسی ہوئی مظلوم عوام کی خدمت کریں ،انکے پاس جائیں، پروگرام کے میزبان تجزیہ نگار توصیف احمد خان نے کہا کہ پرویز مشرف کی پاکستان میں جائیداد نہ ہونے کا مطلب وطن کی مٹی سے لاتعلقی ہے۔ زعیم قادری 20سال بوٹ پالش کرتے رہے ہیں، تبادلوں کے باوجود پنجاب میں شہبازشریف کی ہی بیوروکریسی ہے۔
