لندن(آن لائن) پریوں کی شہزادی پرنسیس آف ویلز لیڈی ڈیانا کا آج 57واں یوم پیدائش ہے،شہزادی کی مسکراہٹ آج بھی ان کے مداحوں میں بسی ہے۔ڈیانا سپنسر،پرنسیس آف ویلز جنہیں دنیا لیڈی ڈیانا کے نام سے جانتی ہے یکم جولائی 1961کو برطانیہ کے علاقے نورفوک میں پیدا ہوئیں۔29جولائی 1981کو برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کےساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں،ان کی شادی کو فیری ٹیل میرج قرار دیا گیا اور دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے ان کی شادی کی تقریب دیکھی،انہوں نے شہزادہ ولیم اور ہیری کو جنم دیا۔کچھ عرصے بعد ہی شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے تعلقات میں کشیدگی آنے لگی اور 16سال بعد اگست 1996میں ان میں طلاق ہوگئی۔ڈیانا کی عالمی سطح پر مقبولیت کا بڑا سبب ان کی خوبصورت شخصیت تھی۔ان کے فلاحی کاموں،بارودی سرنگوں اور ایڈز کے خاتمے کی کوششوں پر دنیا بھر میں انہیں سراہا گیا۔لیڈی ڈیانا 31اگست 1997کو پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئیں۔