تہران(ویب ڈیسک) ایران میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک شہری کو گرفتار کرکے 2 ٹن سونے کے سکے برآمد کرلیے۔ایرانی دارالحکومت تہران کے پولیس چیف جنرل حسین راحمی نے بتایا کہ 58 سالہ ملزم نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران ساتھیوں کی مدد سے 25 لاکھ کے قریب سونے کے سکے جمع کرکے خفیہ مقام پر رکھے تاکہ مقامی مارکیٹ میں سونے کے کاروبار کو متاثر کیا جاسکے۔ایرانی میڈیا نے ملزم کو ’سلطان آف کوائنز‘ قرار دیا ہے تاہم ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد ایرانی کرنسی کی قدر میں زبردست گراوٹ جاری ہے اور صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں نے سونے کی خریداری تیز کردی ہے۔ 2017ءکے آخر میں ایک امریکی ڈالر 43 ہزار ایرانی ریال کے مساوی تھا تاہم ایرانی ریال کی مسلسل گراوٹ کے باعث حالیہ بدھ کے دن ایک امریکی ڈالر اوپن مارکیٹ میں 81 ہزار ایرانی ریال کے مساوی ہوچکا ہے۔
