سمارا(نیوزایجنسیاں) فٹبال ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے سوئیڈن کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔فٹبال ورلڈ کپ اپنی رنگینیوں کے ساتھ روس میں جاری ہے جہاں تیسرے اور اہم مرحلے کوارٹر فائنل کے میچز کھیلے جارہے ہیں۔روسی شہر سمارا کے اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل میچ سوئیڈن اور انگلینڈ کے مدمقابل کھیلا گیا۔انگلینڈ کی ٹیم نے سوئیڈن کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔انگلینڈ کی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور کھیل کے 30 ویں منٹ میں گول کرکے برتری قائم کرلی۔ انگلینڈ کی جانب سے پہلا گول ہیری میگوئر نے کیا جب کہ دوسرا گول کھیل کے 58 ویں منٹ میں ڈیلے ایلی نے کیا اور ٹیم کو 2 گول کی برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔انگلش گول کیپر پکفورڈ نے سوئیڈن کے 3 خطرناک حملے ناکام بنائے۔انگلینڈکی ٹیم1990ءکے ورلڈکپ کے بعدپہلی بارسیمی فائنل میں پہنچی ہے۔انگلش ٹیم نے 1966ءمیں عالمی چمپئن بننے کااعزازحاصل کیاتھا۔ پہلا سیمی فائنل میچ 10 جولائی کوفرانس اوربلجیم کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے لئے میچ 14 جولائی کو کھیلا جائیگا اور چیمپئن کا فیصلہ 15 جولائی کو کھیلا جائیگا۔