ہرارے(آئی این پی)پاکستانی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں فتح ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، فخر زمان نے پوری سیریز میں دلیرانہ انداز سے بیٹنگ کی جو قابل ستائش ہے، مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کوشش کریں گے، آسٹریلوی قائد ایرون فنچ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اچھا کھیلی اسلئے جیت کی حقدار تھی، 20سے 30رنز اور ہوتے تو ہم میچ جیت سکتے تھے۔پاکستان آسٹریلیا کو سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز فائنل میں 6وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے کہا کہ سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، فائنل میں باﺅلرز نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے کینگروز کو بڑا مجموعہ ترتیب دینے سے روکا اس کے بعد فخر زمان نے دلیرانہ بیٹنگ کر کے ٹیم کو فتح دلائی، ہمارے کھلاڑیوں نے چند کیچز ڈراپ کئے اسلئے فیلڈنگ کے شعبے میں ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے، مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید فتوحات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب آسٹریلوی قائد نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھوں فیصلہ کن معرکے میں شکست پر مایوسی ہوئی، ہم 200 سے زائد رنز کا مجموعہ ترتیب دینے کی پوزیشن میں تھے لیکن بلے باز مومینٹم برقرار نہ رکھ سکے، 20 سے 30 رنزیں اور ہوتیں تو ہم میچ جیت سکتے تھے، باﺅلرز نے اچھا آغاز کیا لیکن فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے گرین شرٹس کو کامیابی دلائی، پاکستانی ٹیم اچھا کھیلی اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ وہ جیت کی حقدار تھی۔
