ہرارے(آئی این پی) سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں شکست کے بعد آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے کپتان سرفرازاحمد سے ہاتھ نہیں ملایا۔ سوشل میڈیا پر تنقید ہوئی تو میکسویل نے وضاحت پیش کردی ۔ آسٹریلیا ، زمبابوے اور پاکستان کی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریزکے فائنل میں شکست کا دکھ تھا یا کپتان سرفراز کے ہاتھوں رنزکی پٹائی کا غصہ کہ آسٹریلین آل رانڈر فائنل میچ کے بعد اسپورٹس مین اسپرٹ ہی بھول گئے۔میکس ویل نے میچ ہارنے پرکپتان سرفرازاحمد کو نظرانداز کردیا۔سرفراز نے ہاتھ آگے بڑھایا لیکن میکسویل نے ہاتھ نہ ملایا۔ یہ حرکت سوشل میڈیا بریگیڈ کوایک آنکھ نہ بھائی اور اس اقدام پر خوب تنقید کی گئی۔تنقید کا سامنا کرنے کے بعد میکس ویل نے ہاتھ نہ ملانے کی وضاحت پیش کردی، پاکستان کو فتح پرمبارکباد دی اوراپنی حرکت کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قراردیا اور بولے کہ وہ ہاتھ ملانے کیلئے ہوٹل میں سرفراز کو ڈھونڈ رہے ہیں۔
