فتح آباد(ویب ڈیسک)جادو ٹونے کا ڈھونگ رچانے والے جعلی عامل جعلسازی کے اس دھندے کی آڑ میں کیا گل کھلا رہے ہیں اس کا اندازہ آپ بھارت میں پکڑے جانے والے ایک شیطان صفت ’بابے‘ کے کرتوتوں کے بارے میں سامنے آنے والے بھیانک انکشافات سے بخوبی کر سکتے ہیں۔ریاست ہریانہ کے شہر فتح آباد میں بابا امرپوری عرف بلو کے نام سے ہر کوئی واقف ہے۔ اس کے پاس جادو ٹونہ کروانے والوں کا ہر وقت ہجوم لگا رہتا تھا، جن میں ایک بڑی تعداد خواتین کی تھی۔ گزشتہ دنوں ایک خاتون پولیس کے پاس شکایت لے کر گئی کہ بابے نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے اور اس فعل کی ویڈیو بھی بنائی ہے، جس کی بناءپر اب وہ اسے بلیک میل کر رہا ہے۔جب اس شکایت پر شیطان صفت بابے کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی گئی تو ایسے لرزہ خیز انکشافات سامنے آئے کہ سننے والے انگشت بدنداں رہ گئے۔ پتا چلا کہ یہ درندہ صفت شخص اب تک سینکڑوں خواتین کی عصمت دری کر چکا ہے۔ اس نے ان سب خواتین کی ویڈیوز بھی بنا رکھی ہیں اور بہت سی خواتین کو ان ویڈیوز کی بنائ پر بلیک میل کر کے بار بار ان کی عزت لوٹ چکا ہے۔ پولیس کو 120 خواتین کی عصمت دری کی ویڈیوز مل چکی ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ابھی مزید ایسی ویڈیوز سامنے آئیں گی۔
