کراچی ( نیوز ایجنسیا ں) کامیاب دورہ زمبابوے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پور ٹ پہنچے جہاں شہریوں نے ان کا استقبال کیا۔قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی مرحلہ وار وطن واپس پہنچیں گے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ دورہ کامیاب رہا جس پر خوشی ہے تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی اور قومی ٹیم کامیاب رہی۔الیکشن سے متعلق سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان کے حلقے سے کون سے امیدوار کھڑے ہیں، عوام جسے بہتر سمجھتے ہیں اسے ووٹ ڈالیں۔کپتان سرفراز احمد نے انتخابات میں عوام سے ووٹ کیلیے نکلنے کی درخواست کی ہے۔کراچی ایئرپورٹ پر شہریوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلیے موجود تھی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف ٹرائنگولر سیریز جیتنا زمبابوے میں سب سے بڑی کامیابی تھی، فخر زمان کا فارم میں آنا اچھی بات ہے، ایشیا کپ پر فوکس ہے، ایونٹ کے لئے بھرپور تیاری کریں گے، بھارت سے سخت مقابلے کی توقع ہے۔سرفراز نے کہا کہ عوام ووٹ دینے کیلیے ضرور نکلیں، جس امیدوار کو بہتر سمجھتے ہیں اس کو ووٹ دیں، مجھے نہیں معلوم کہ میرے حلقہ میں کون کون امیدوار ہے تاہم ووٹ دینے ضرور جاﺅں گا۔