کراچی (یو این پی) سابق قومی کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ اوپنر فخر زمان آئندہ برس ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹرمپ کارڈ ثابت ہونے کے ساتھ پاکستان کو دوبارہ عالمی کپ بھی جتوا سکتے ہیں۔راشد لطیف کا گزشتہ روز ایک گفتگو میں کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ زمبابوے کیخلاف حالیہ ایک روزہ سیریزمیں مقابلہ کوئی خاص نہیں تھا لیکن پھر بھی میزبان ٹیم کو اس کے ہوم گراو¿نڈ پر وائٹ واش کرنا کوئی معمولی بات نہیں اور مجموعی اعتبار سے دیکھا جائے تو گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز اور ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ نوجوان کرکٹرز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بہت زیادہ بھوک نظرآئی اور جس کو بھی موقع ملا اس نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان کی پرفارمنس میں نکھار آتا جا رہا ہے جبکہ امام الحق بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں تاہم انہوں نے یہ کہنے سے بھی گریز نہیں کیا کہ سینئر آل راو¿نڈر محمد حفیظ کی ون ڈے پلیئنگ الیون میں جگہ بنتی ہے اور انہیں دورہ زمبابوے میں موقع دینا چاہئے تھا کیونکہ اب وہ بالنگ بھی کر سکتے ہیں۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو ٹرائی سیریز کے بعد زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی کھلانا چاہئے تھا لیکن یہ ایک مثبت تبدیلی ہے کہ تیزی سے قائدانہ گر سیکھنے والے سرفراز احمد کی بطور کپتان صلاحیتوں میں ہر گزرتے دن اضافہ ہو رہا ہے۔
