لاہور(آئی این پی) پاکستان کے اسٹار آل رانڈر محمد حفیظ کا ستارہ ان دنوں گردش میں ضرور ہے مگر انہیں سابق کرکٹرز کی جانب سے ٹھیک ٹھاک حمایت مل گئی ہے۔پاکستان کے مایہ ناز سابق اوپنر اور کپتان عامر سہیل نے ون ڈے ٹیم میں محمد حفیظ کی شمولیت کی خواہش کا اظہار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ آل رانڈر کا ون ڈان پوزیشن پر کھیلنا آنے والے ورلڈکپ میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔محمد حفیظ کی حمایت میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حفیظ کو زمبابوے کیخلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں یکسر نظر انداز کیا گیا۔عامر سہیل نے مزید کہا کہ مجھے حیرت ہے زمبابوے میں انھیں ایک بھی میچ نہیں کھلایا گیا جبکہ انگلینڈ میں جب پاکستان ورلڈکپ کھیلے گا تو تیسری پوزیشن پر ایسے کھلاڈی کی ضرورت پڑے گی جو تجربہ کار بھی ہو اور نئی گیند کو بہتر کھیل سکتا ہو۔انہوں نے فخر زمان کی زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری کی خوب تعریف کی۔ تاہم انہوں نے جارح مزاج اوپننگ بلے باز کو خبردار بھی کیا کہ انہیں بڑی ٹیموں کے خلاف احتیاط سے کام لینا ہوگا۔





































