عارفوالا (اے پی پی ) پاکستان کے نامور سپوت راجہ عزیز بھٹی شہید (نشا ن حیدر) کا 95واںیوم پیدائش آج6 اگست بروز پیر نہایت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا۔یوم پیدائش کے سلسلہ میںعارفوالا سمیت ملک بھرمیں تقریبات انعقاد پذیر ہوں گی ۔ وہ -6اگست 1923 کو ہانگ کانگ میں پیداہوئے ،راجہ عزیز بھٹی قیام پاکستان کے بعد-21 جنوری1948 کو پاکستان ملٹری اکیڈمی میں شامل ہوئے ،پھر پنجاب رجمنٹ میں سیکنڈلیفٹیننٹ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی اور1956 میں ترقی کرتے ہوئے میجر بن گئے،-6 ستمبر1965 کو بھارتی حملہ کے وقت میجر راجہ عزیز بھٹی لاہور سیکٹر میں کمپنی کمان کررہے تھے، دشمن کے تابڑ توڑ حملوں کے باوجود اپنے جوانوں کے ساتھ اپنی پوزیشن پرڈٹے رہے اور 12ستمبر1965 کو بھارتی ٹینک کے گولہ سے میجر راجہ عزیز بھٹی نے جام شہادت نوش کیا ۔