کینڈی (اے پی پی) ریزا ہینڈرکس کی شاندار سنچری، آملہ، ڈومینی اور ملر کی نصف سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں با آسانی 78 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، میزبان سری لنکن ٹیم 363 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 46ویں اوور میں 285 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، دھنن جایا ڈی سلوا کی 84 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، لونگی نگیڈی نے 4 اور پہلک وایو نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، ریزا ہینڈرکس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو کینڈی میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، جنوبی افریقن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 363 رنز بنائے، ریزا ہینڈرکس نے کیریئر کے پہلے میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 102 رنز بنا کر نمایاں رہے، جے پی ڈومینی 92، ہاشم آملہ 59 اور ڈیوڈ ملر 51 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، کوئنٹن ڈی کوک اور ملڈر 2، 2 رنز بنا سکے، پہلک وایو 24 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، تھسارا پریرا نے 4 لاہیرو کمارا نے 2 اور آکیلا دانن جایا نے ایک وکٹ لی، جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 45.2 اوورز میں 285 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، دھنن جایا ڈی سلوا کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، دھنن جایا نے 84 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، اپل تھرنگا 19، نیروشن ڈکویلا 10، کوسل پریرا 27، کوسل مینڈس 31، تھسارا پریرا 16، کپتان میتھیوز 32، اکیلا دانن جایا 37 سرنگا لکمل 12 اور پراباتھ جے سوریا بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، لونگی نگیڈی نے 4، پہلک وایو نے 3، تبریز شمسی نے 2 اور ملڈر نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
