لاہور(نیوزایجنسیاں)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ ہارون رشید کا تبادلہ کراچی کردیا گیا ہے لیکن وہ ڈائریکٹر کی حیثیت سے تھری ان ون ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید کا پی سی بی ہیڈ کوارٹر سے کراچی تبادلہ کرکے انہیں مکمل طور پر نیشنل اسٹیڈیم کا انچارج بنادیا ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہارون رشید کراچی آکر سائیڈ لائن ہوگئے ہیں لیکن ان کی قابلیت اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انہیں مزید با اختیار بنا دیا ہے۔وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہائی پرفارمنس سینٹر کا چارج بھی سنبھالیں گے اور نیشنل اسٹیڈیم کے تمام معاملات کو بھی کنٹرول کریں گے۔ اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان کئی سالوں سے کامیابی سے تمام معاملات چلا رہے تھے اب وہ بھی ہارون رشید کو رپورٹ کریں گے۔ہارون رشید کراچی میں بیٹھ کر ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر کو نہیں بلکہ چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو رپورٹ کریں گے۔
