اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مکمل واجبات ادا کر دیئے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے میڈیا ڈائریکٹر محسن اعجاز راجہ نے بتایا کہ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے ذاتی حیثیت میں فنڈز کا انتظام کیا ہے اور صدر پی ایچ ایف نے ایشین گیمز سے قبل کھلاڑیوں کے بقایاجات ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا جو پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے واجبات ان کے اکاﺅنٹس میں منتقل کر دیئے گئے ہیں اور اس علاوہ غیرملکی اسٹاف کو بھی ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔ صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ہم نے اپنا عہد پورا کر دیا، اب کھلاڑی اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت کر لائیں اور ایشین گیمز میں بھارت کو ہرا کر قوم کو تحفہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے حوالہ سے سپانسرز کے ساتھ بھی رابطہ میں ہیں، قومی کھیل میں بہتری کےلئے نجی سیکٹر سے مدد لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ چندروزقبل کپتان رضوان سینئر سمیت تمام کھلاڑیوں نے ایک اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہر کھلاڑی کے ڈیلی الانس کی مد میں 8 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا کیمپ لگایا گیا، پھر ایک کیمپ کراچی میں اور ایک کیمپ ہالینڈ میں لگایا گیا لیکن الانس نہیں دیے گئے اور پھر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بغیر الانس کے ہی چیمپئنر ٹرافی میں شرکت کی۔کپتان رضوان سینئر نے کہا تھاکہ بغاوت نہیں کر رہے اپنا حق مانگ رہے ہیں ۔خیال رہے کہ 1996 میں بھی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سہولیات نہ ملنے کے خلاف اسی قسم کی بغاوت کی تھی۔ایشین گیمز18اگست سے انڈونیشیاکے شہرجکارتہ اورپالم بینگ میں منعقدہونگے۔
