فیصل آباد (رپورٹ:یونس چوہدری) سرگودھا روڈ کے علاقہ میں ملازمت کا جھانسہ دےکر درندہ صفت افراد نے شادی شدہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور خاتون کو چھوڑ کر فرار ہو گئے جبکہ خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے دو ملزمان فرار ہیں۔ جن کو سرگودھا روڈ پولیس گرفتار کرنے سے گریزاں ہے۔ چک نمبر 203ر۔ب مانانوالہ کی رہائشی (ر) اور اس کے شوہر نے خبریں ہیلپ لائن کو بتایا کہ نور پور کے شبیر نے میری بیوی کو ملازمت دلوانے کے بہانے گلستان کالونی اکبر چوک میں سات اگست کی شام 6بجے بلایا اور نامعلوم شخص کے ہمراہ مجھے کار میں بٹھا کر نامعلوم مکان میں لے گئے۔ جہاں ان کا تیسرا ساتھی ڈاکٹر شہزاد پہلے سے موجود تھا۔ غریب خاتون کا کہنا ہے کہ تینوں افراد نے مجھے باری باری زیادتی کا نشانہ بنایا اور مجھے جمیل آباد چوک میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ تھانہ سرگودھا روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش سب انسپکٹر خالد محمود کے سپرد کر دی۔ تفتیشی افسر نے ایک ملزم شبیر کو گرفتار کر لیا ہے مگر دوسرے دو ملزموں ڈاکٹر شہزاد اور نامعلوم کو گرفتار نہیں کیا جا رہا۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ میں غریب عورت ہوں مجھے ملازمت کی ضرورت تھی کہ تینوں نے ملازمت دلانے کے بہانے مجھے بلا کر میری عزت پامال کر دی۔ اس امر پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی غریب خاتون اور اس کے شوہر نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹس لےکر ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے جبکہ اس حوالہ سے تفتیشی افسر خالد محمود سے ان کے مطلوبہ موبائل فون نمبر پر رابطہ کیا گیا۔ تو اس نے بتایا کہ خاتون نے صلح کر لی ہے اور بیان دے دیا ہے۔