تجزیہ امتنان شاہد ۔۔۔
لاہور (امتنان شاہد سے) باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی پنجاب سے نوجوان رکن اسمبلی عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے کے بعد لاہور سے ایم پی اے علیم خان کو سینئر وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں نیب کے مقدمات کی وجہ سے وزیراعلیٰ نہیں بنایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عثمان بزدار اگرچہ وزیراعلیٰ ہونگے تاہم پنجاب کے معاملات چلانے کے لئے چار رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو مشاورت سے سارے فیصلے کرے گی۔ اس کمیٹی میں نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور‘ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سینئر وزیر علیم خان شامل ہونگے۔ نامزد وزیراعلیٰ چونکہ نوجوان ہیں اور وہ پہلی دفعہ اتنی اہم ذمہ داری سنبھالیں گے۔ لہٰذا ان کو سینئر رہنماﺅں کے مشوروں کی ضرورت ہوگی اس لئے یہ کمیٹی قائم کی گئی جو مل کر اختیارات استعمال کرے گی اور فیصلہ سازی بھی کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی اور صوبے کے معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ چل سکیں گے۔ واضح رہے عمران خان اعلان کرچکے ہیں کہ نئے پاکستان کی ابتداءپنجاب سے ہوگی لہٰذا پنجاب کی انتظامیہ کو مو¿ثر اورمضبوط بنانے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔