اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی قرقی کیلئے برطانیہ کی عدالت سے رجوع کرنے اور پیسہ پاکستان لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئی بڑے فیصلے کئے گئے جن میں ایون فیلڈ پراپرٹیز کا پیسہ وطن واپس لانے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز پاکستان کے عوام کی ملکیت ہیں اور آج کابینہ نے وزارت قانون کو ہدایت دی ہے کہ ان جائیدادوں کی قرقی کیلئے برطانیہ کی عدالت سے رجوع کریں اور ان کا پیسہ پاکستان لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے نیب کے وکیل شہزاد کبر کی زیر صدارت ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے۔ اس ٹاسک فورس میں ایف آئی اے، نیب، سٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، ایف بی آر، وزارت قانون اور وزارت خارجہ کے نمائندے شامل ہوں گے۔
