لاہور (امتنان شاہد سے) نجم سیٹھی کے استعفے کا معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے جتنا دکھائی دے رہا ہے۔ ان کیخلاف پی ایس ایل کے حوالے سے نیب میں تحقیقات چل رہی ہیں۔ روزنامہ خبریں میں چند روز قبل خبر شائع ہوئی تھی کہ نجم سیٹھی کو استعفیٰ کے علاوہ بھی کئی مسائل کا سامنا ہے جن میں خاص طور پر پی ایس ایل کے مالی معاملات بارے تفتیش ہے جو نیب میں چل رہی ہے۔ پی ایس ایل کے 3 سیزن ہوئے اور تینوں کا ہی کوئی حساب نہیں دیا گیا کہ کتنے اخراجات ہوئے‘ کس کس کو کتنی ادائیگی کی گئی اس کے علاوہ پی سی بی کے انٹرنل آڈٹ کی رپورٹ کی تفصیلات بھی ابھی تک منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔ ان معاملات کی وجہ سے نجم سیٹھی اپنا عہدہ چھوڑنے پرمجبور ہوئے۔ نجم سیٹھی کی اہلیہ جو آزاد حیثیت سے ایم پی اے منتخب ہوئیں نے بھی نجم سیٹھی کے انہی معاملات کی وجہ سے پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کے وزارت اعلیٰ اور سپیکر کے امیدواروں کے بجائے تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیا۔ نجم سیٹھی کا استعفیٰ نوشتہ دیوار ضرور تھا تاہم یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا سمجھا جارہا ہے۔ اصل میں اس کے پیچھے مالی معاملات کی تحقیقات ہیں۔
