تازہ تر ین

مودی نے مذاکرات کی دعوت دی ہے : شاہ محمود قریشی ، دعوت نہیں دی : بھارتی میڈیا

اسلام آباد ، نئی دہلی( این این آئی ) بھارتی وزیر اعظم نریندر سنگھ مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ بامقصد مذاکرات چاہتے ہیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کے نام اپنے ایک خط میں انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہم پاکستانی حکومت کے ساتھ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔مودی کا اپنے خط میں کہنا تھا کہ پر امن طریقے سے تمام مسائل کا حل دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور دونوں ملکوں کی حکومتیں مشترکہ کوششوں سے ہی خطے سے دہشتگردی کا خاتمہ کر سکتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی نے خطے کے امن کو بری طرح تباہ کیا جس سے معاشی اور سیاسی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچا ، ان کو دوبارہ شروع کرنے کیلئے دونوں ملکوں کو آپس میں بامقصد بات چیت کرنا ہوگی تاکہ خطے میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔اس سے قبل پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی پریس کانفرنس میں بھارت پر زور دیا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو ایک حقیقت تسلیم کرے اور اس کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے جس کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام یقینی قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے کی مبارکباد دی ہے اور مذاکرات کی دعوت بھی دی ہے، بھارت کے ساتھ دیرینہ مسائل کا ادراک ہے، بھارت کی وزیر خارجہ کیلئے میرا پیغام ہے کشمیر پاکستان اوربھارت میں تنازعات کی بنیادی وجہ ہے، دونوں ممالک ہمسائے اور ایٹمی قوت ہیں،ملکی خارجہ، داخلی اور معاشی چیلنجز سے آگاہ ہوں، آئندہ ماہ اقوام متحدہ کا اجلاس ہونے والا ہے، بیرون ممالک پاکستان کے سفیر حاکم نہیں ہیں، ملک کو عالمی تنہائی سے نکالنے کیلئے اقدامات کریں گے، امن کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں،افغان وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے دورہ کابل کی خواہش رکھتا ہوں،پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے،سیاسی بنیادوں پر تعینات سفیروں کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔ دفتر خارجہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی خارجہ، داخلی اور معاشی چیلنجز سے آگاہ ہوں۔وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے حزب اختلاف کو مشاورت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حنا ربانی کھر اور خواجہ آصف سے بھی مشاورت کروں گا۔ان کا کہنا ہے کہ خارجہ پالیسی کا آغاز پاکستان سے اور اختتام بھی پاکستان پر ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کو از سرنو دیکھا جائے گا، خارجہ پالیسی کی سمت درست کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس خطے میں امن و استحکام ہو، ملک سے غربت کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، کچھ قوتیں پاکستان کو تنہائی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرتی آئی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ خارجہ امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش ہوگی، عوام کی منتخب حکومت کو عوام کے امنگوں کے مطابق چلنا ہے، کچھ ممالک سے پاکستان کے خارجہ امور بہت اہمیت رکھتے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے، وزیر خارجہ نہ ہونے سے ملک کو نقصان پہنچا اور کچھ لوگوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع ملا، میری کوشش ہے کہ خارجہ پالیسی پرقومی اتفاق رائے ہو، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلے پیچیدہ ہیں، ہو سکتا ہے کہ مسائل فوری حل نہ ہوں، کچھ قوتیں پاکستان کو تنہائی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرتی آئی ہیں، مستقبل قریب میں دیگر ممالک کے ساتھ خارجی امور آگے بڑھاﺅں گا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے میں یقینامزاحمت کا سامنا ہو گا لیکن ہم پرعزم ہیں، کرپشن نے پاکستان کے ادارے تباہ کر دیے ہیں، ہمارے دور میں تمام تقرریاں میرٹ پر ہوں گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نان کیریئرسفیروں کی تعیناتی جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر تعینات سفیروں کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا، گزشتہ حکومت کے سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے سفیر کام جاری رکھیں، سیکرٹری خارجہ اس ضمن میں میری رہنمائی کریں گی۔ان کا کہنا ہے کہ بلاوجہ اکھاڑ پچھاڑ کا قائل نہیں ہوں، تقرریاں کارکردگی کی بنیاد پر ہونی چاہئیں، کابینہ اجلاس کے بعد سیکریٹری تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کروں گا اور ان سے رہنمائی حاصل کروں گا، مستقبل میں کچھ ملکوں سے رابطے کیے جائیں گے۔جبکہ بھارتی میڈیاکادعویٰ ہے کہ ان کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی، بھارتی وزیراعظم کے خط میں صرف اچھے تعلقات کی خواہش کااظہار کیا گیاہے۔پیر کو بھارتی میڈیا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کال اور بھارتی خط اہم بات ہے لیکن پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی گئی جبکہ بھارتی خط میں صرف اچھے تعلقات کی خواہش کا انتظار کیا گیا ہے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain