راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ صرف فوجی آپریشنز کے ذریعے کوئی لڑائی ختم نہیں ہوتی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو استحکام لانے سے متعلق آپریشنز اور پاک افغان سرحد پر انگور اڈہ پر باڑ لگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی جس پر آرمی چیف نے آہنی باڑ لگانے کی کام کی رفتار اور معیار کو سراہا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے وانا میں شمالی و جنوبی وزیرستان کے عمائدین کے مشترکہ جرگے سے خطاب میں سیکیورٹی فورسز کی حمایت اور تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا خطاب میں کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں حال ہی میں آئی ای ڈی دھماکوں کے چند واقعات ہوئے ہیں اور صرف فوجی آپریشنز کے ذریعے کوئی لڑائی ختم نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں بڑے پیمانے پر امن بحال کر دیا گیا ہے اور امن کے بعد بحالی اور ترقی کے لیے آپریشن جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بحالی اور ترقیاتی کوششوں پر مبنی آپریشنز جاری رہتے ہیں جب کہ سماجی و معاشی ترقی کی رفتار بھی بڑھتی جا رہی ہے لہٰذا ہمیں بےامنی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہو گا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور ترقیاتی کام ایک ساتھ نہیں چل سکتے لہذا کوشش ہے کہ بے امنی پھر نہ آئے۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی آبادی علاقے کے امن و استحکام کے ماحول کا دشمن قوتوں سے تحفظ کرے کیوں کہ دشمن قوتیں کامیابیوں کو خراب کرنے لیے نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی عمائدین کی پیش کردہ تجاویز مﺅثر ہیں اور ان تجاویز میں سے بیشتر پہلے ہی درمیانی و طویل مدتی ترقیاتی منصوبے میں شامل ہیں۔