اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شفافیت کا فروغ اور بدعنوان عناصر کا بلاتفریق احتساب ہماری ترجیح ہے۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت نیب کو مضبوط بنانے کے لئے ہرممکن مدد فراہم کرے گی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب کی استعداد کار بڑھانے کے لئے حکومت پرعزم ہے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب کی حالیہ کارکردگی قابل اطمینان ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم اور چیئرمین نیب نے کرپشن کے خاتمہ اور شفافیت کے حوالے سے تفصیل سے گفتگو کی۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت تجارت اور توانائی کے شعبے سے متعلق دو الگ الگ اجلاس ہوئے وزارت تجارت سے متعلق ہونیوالے اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے وزیراعظم کو بریفنگ دی اور ملکی برآمدات اور درآمدات سے متعلق وزیر اعظم کو تفصیلی آگاہ کیا اسکے ساتھ انہوں نے وزیراعظم کو تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تجارت کا فروغ اور تاجر برادری کو سہولتیں دینا حکومت کی ترجیح ہے اورسیز پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سہولتیں دیں گے اور سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے موجودہ ڈھانچے کا جائزہ لیں گے بیرون ملک تجارتی افسران کی تعیناتیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے وزیر اعظم نے کہا کہ تجارتی افسران کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا ہُنڈی اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی جبکہ توانائی کے شعبے سے متعلق معاملات کے جائزہ اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈویژن رضوان میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گردشی قرضہ بڑھ کر 1180ارب روپے ہو گیا ہے گورننس اور نظام کی بہتری کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے قیمتوں کو مناسب رکھنے اور خامیوں پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بجلی چوری اور بڑھتے گردشی قرضے کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث توانائی شعبے میں موجودہ صورتحال کا سامنا ہے گورننس اور نظام کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے قیمتوں کو مناسب رکھنے اور خامیوں پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔