لاہور (ویب ڈیسک )اگر آپ لمبی اور صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو وزن اٹھانے کی عادت اپنالیں۔یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔مشی گن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جن لوگوں کے مسلز دیگر کے مقابلے میں مضبوط ہوتے ہیں، ان میں لمبی عمر کا امکان کمزورساتھیوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔تحقیق کے مطابق زندگی میں مسلز بنانے والی ورزشوں کو اپنانے میں کبھی تاخیر نہیں ہوتی بلکہ یہ معمر افراد کے لیے بہت اہم ہے کہ وہ اس طرح کے ورک آوٹ کو اپنے معمولات کا حصہ بنائیں۔تاہم ایسا ممکن نہیں تو بھی فکر مند مت ہوں، درحقیقت مسلز کا حجم نہیں بلکہ اس کی مضبوطی لمبی زندگی کے لیے ضروری ہے۔تحقیق کے مطابق بڑھاپے کو تو روکنا ممکن نہیں مگر جسمانی طور پر مضبوطی عمر بڑھنے کے اثرات کو ڈرامائی حد تک کم کردیتی ہے۔یہ تو سب کو معلوم ہے کہ جسمانی طور پر متحرک رہنا اور صحت بخش بخش غذا امراض قلب، ذیابیطس اور کینسر جیسے امراض سے بچانے میں مددگار ہے۔مگر اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ عام ورزشوں کے ساتھ وزن اٹھانے کی عادت کو اپنانا بھی ضروری ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ مسلز کی مضبوطی کو برقرار رکھنا خصوصاً درمیانی عمر میں، لمبی عمر اور صحت مند بڑھاپے کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔اور اس حوالے سے سب سے اہم ہاتھوں کو مضبوط بنانا ہے۔یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہاتھ زندگی گزارنے کے لیے ضروری کاموں میں بہت اہمیت رکھتے ہیں، جیسے نہانا، صفائی، کھانا پکانا، اشیاء کی دیکھ بھال اور دیگر۔