لاہور(ویب ڈیسک)اسمارٹ موبائل بنانے والی امریکی کمپنی ‘ایپل’ کی جانب سے رواں ماہ 12 ستمبر کو نئے آئی فون ایکس ایس (10 ایس) اور آئی فون ایکس ایس میکس (10 ایس میکس) کو متعارف کرایا گیا تھا۔تاہم اب انہیں دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔جہاں ان فونز کو ایپل کے سب سے بہترین فون قرار دیا جا رہا ہے، وہیں انہیں ایپل کی تاریخ کے مہنگے ترین فون بھی کہا جا رہا ہے۔یہ ایپل کے پہلے اسمارٹ فونز ہیں جن میں 512 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے، ساتھ ہی یہ فون ایپل کے پہلے فونز ہیں جن میں ڈوئل سم سپورٹ اور گیگابٹ کلاس ایل ٹی ای سپورٹ دی گئی ہے جو کہ 5 جی ٹیکنالوجی کی جانب اس کمپنی کا پہلا قدم ہے۔یعنی ان فونز میں ڈاﺅن لوڈنگ اسپیڈ ایک گیگا بٹ فی سیکنڈ ہوگی، یعنی بہت تیز ڈاﺅن لوڈ بلکہ ایک منٹ میں 7 جی بی کا ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کرنا ممکن ہوگا تاہم اس کا انحصار انٹرنیٹ پرووائڈر سروس پر ہوگا۔کمپنی نے ان فونز کے مختلف ماڈلز کو فروخت کے لیے پیش کیا ہے، جن کی قیمت بھی الگ الگ ہے۔ان فونز میں 64 جی بی اسٹوریج والا فون 999 ڈالرز (ایک لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا، جب کہ 256 جی بی اسٹوریج والا ورڑن 1149 ڈالرز (ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) میں فروخت ہوگا۔اسی طرح 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1349 ڈالرز (ایک لاکھ 66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔جہاں یہ فونز ایپل کے سب سے مہنگے ترین فونز ہیں، وہیں دنیا بھر کے لوگ ان فونز کو حاصل کرنے کے لیے بے تاب ہیں اور وہ صبح سے ہی فون کو خریدنے کے لیے دکانوں کے سامنے قطاروں میں نظر آئے۔