لاہور(ویب ڈیسک)مقبول فوٹو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام نت نئے فیچرز اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں رہتی ہے، حال ہی میں اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ انسٹاگرام پر کسی بھی پوسٹ کو اپنی نیوز فیڈ پر دوبارہ شیئر یا پوسٹ کرنے (Repost) کا فیچر بھی شامل کیا جارہا ہے، لیکن کمپنی نے اس کی تردید کردی۔واضح رہے کہ دی ورج کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انسٹاگرام ایک ایسا فیچر متعارف کروانے جارہی ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنے دوستوں کے اکاﺅنٹس سے کی گئی پوسٹس کو اپنے پاس ری پوسٹ کرسکیں گے۔رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فیس بک یا ٹوئٹر پر موجود ‘شیئر’ کے آپشن کی طرح ہوگا۔ یہ ‘شیئر ٹو فیڈ’ نامی بٹن کسی بھی پوسٹ کے اوپری دائیں کارنر پر موجود مینیو کے آپشن میں موجود ہوگا۔ واضح رہے کہ فی الوقت انسٹا صارفین تھرڈ پارٹی ایپ کی مدد سے کسی پوسٹ کو ری پوسٹ کرسکتے ہیں۔تاہم میش ایبل سے بات کرتے ہوئے انسٹاگرام ترجمان نے اس بات کی وضاحت کی کہ کمپنی فی الوقت اس قسم کے کسی فیچر پر کام نہیں کر رہی۔انسٹاگرام کے شریک بانی مائیک کریگر نے بھی رواں برس کے آغاز میں بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہوسکتا ہے انسٹاگرام پر شیئرنگ یا ری پوسٹنگ کا آپشن صارفین کو پسند نہ آئے کیونکہ اس سے انہیں ایسا لگے گا کہ ان کی نیوز فیڈ میں موجود موادادھراُدھر سے لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ رواں برس جون میں انسٹاگرام نے صارفین کو یہ سہولت فراہم کی تھی کہ وہ اُن اسٹوریز کو ری پوسٹ کرسکیں، جن میں انہیں ٹیگ کیا گیا ہو۔دوسری جانب یہ اطلاعات بھی ہیں کہ انسٹاگرام، ہیش ٹیگز کو کیپشن سے الگ کرنے، کوئز اسٹیکرز اور اسٹوریز ہائی لائٹ اسٹیکرز کے فیچرز پر بھی کام کر رہا ہے۔